کھیل
24 مئی ، 2017

عمراکمل کی پرستاروں سے معافی، جلد ٹیم میں واپسی کی امید

عمراکمل کی پرستاروں سے معافی، جلد ٹیم میں واپسی کی امید

پاکستان کے لئے 116ون ڈے میچوں میں 3044رنز بنانے والے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو ٹیم مینجمنٹ نے فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا ہے۔عمراکمل نے پر ستاروں سے معافی مانگتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد ٹیم میں واپس آئیں گے۔

یاد رہے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان میں مڈل آرڈر بیٹسمین کو چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں منتخب کرتے ہوئےانہیں فٹنس ٹیسٹ میں کلیئر قرار دیا تھا۔

عمر اکمل نے برمنگھم میں ٹیم ہوٹل چھوڑ دیا ہے ،فی الحال وہ پاکستان واپس نہیں جا رہے۔

ٹیم سے باہر کئے جانے سے متعلق سوال پر ٹیسٹ بیٹسمین کا کہنا تھاکہ پاکستان میں انضمام الحق،مشتاق احمد اور صبور نے ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا تھا،تو کیا ان کیساتھ سیاست ہورہی ہے؟

عمر اکمل نے کہا کہ پی سی بی کے سینٹرل کنڑیکٹ میں ہوں،دلوں کا حال تو اوپر والا ہی جانتا ہے،میرا کام پاکستان کے لئے کھیلنا اور بہترین پرفارمنس دینا ہے،جس کے لئے اب میں اور بھی دل و جان سے کوشش کروں گا۔

عمر اکمل نے تسلیم کیا کہ کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں اورٹیم سے ان آؤٹ ہوتا ہے،یونس خان کی مثال دیتے ہوئے مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا تھاکہ ان سے بہت کچھ سیکھااور یہی وجہ ہے کہ وہ میرے رول ماڈل ہیں۔

اپنی جگہ چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں شامل کئے جا نے والے حارث سہیل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان ٹیم میں ہوں یا نہیں خواہش ہے ہماری ٹیم ہر میچ جیتے۔

عمر اکمل نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے چاہنے والے پر ستاروں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ جلد ٹیم میں ان کی واپسی ہوگی۔

مزید خبریں :