کھیل
29 مئی ، 2017

پاکستان سے سیریز کا کوئی امکان نہیں: بھارتی وزیرکھیل

پاکستان سے سیریز کا کوئی امکان نہیں: بھارتی وزیرکھیل

بھارتی وزیر کھیل نے ایک بار پھر مستقبل قریب میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کے امکانات کو رد کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیر کھیل وجے گوئل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقبل میں دوطرفہ سیریز کا کوئی امکان نہیں۔

طویل عرصے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے دونوں جانب سے کوششیں کی جاتی رہی ہیں جو بے سود ثابت ہوئی ہیں اور بعض بھارتی سیاستدان بھی پاکستان سے کرکٹ کھیلنے سے انکار کرتے رہے ہیں۔

2014 میں کیے گئے دو طرفہ سیریز کے معاہدے کے حوالے سے دونوں کرکٹ بورڈز کے اعلیٰ حکام کی پیر کے روز میٹنگ بھی تھی لیکن اب بھارتی وزیر کھیل کے بیان نے معاملے کو مزید غیر یقینی بنادیا ہے۔

وجے گوئل کا پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے دہشت گردی برقرار رہنے تک دونوں ممالک آپس میں نہیں کھیل سکتے۔

بھارتی وزیر کھیل نے اپنے کرکٹ بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی کو پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی کسی بھی پیشکش سے قبل حکومت کو آگاہ کرنا چاہیے۔

وجے گوئل نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے مابین میچز پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ 2015 سے 2023 تک پاک بھارت سیریز کے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی 60 ملین ڈالر ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج چکا ہے۔

بی سی سی آئی کے جوائنٹ سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے بھی پی سی بی کو کہا تھا کہ بھارتی حکومت کی اجازت کے بغیر دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی جاسکتی۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کیس واپس لینے کی بھی درخواست کی تھی اور ساتھ ہی کہا تھا کہ اگر پی سی بی اپنے مؤقف سے پیچھے نہ ہٹا تو بی سی سی آئی اسے کسی بھی قسم کی کوئی امداد نہیں کرے گا۔

مزید خبریں :