08 جولائی ، 2012
اسلام آباد…مشیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ آئندہ کبھی بھی کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل نہیں کروں گا، میں نے برطانوی شہریت ترک کردی ہے، مشیرداخلہ رحمان ملک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کی قیادت کو پیغام بھیجا تھا کہ پْرامن لانگ مارچ کو نہیں روکا جائے گا، دفاع پاکستان کونسل کو پیغام بھجوایا ہے کہ ان لوگوں کو نہ لایا جائے جن کا تعلق کالعدم جماعتوں سے ہے، بلکہ پر امن لانگ مارچ کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، تاہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔ رحمان ملک نے مزید کہا کہ اگرکالعدم جماعتوں کے رہ نما اسلام آباد آئے تو انھیں گرفتار کیا جائے گا۔ لانگ مارچ کے شرکا اپنے ساتھ ڈنڈے نہ لائیں، جلوس کے راستوں میں 50 کیمرے نصب کیے جائیں گے، لانگ مارچ کرنے والے بھی پاکستانی ہیں، ان کا کھلے دل کے ساتھ استقبال کریں گے، آج شاہ 6 بجے کے بعد اسلام آباد میں داخل ہونے والوں کا شناختی کارڈ چیک کیا جائے گا، لانگ مارچ پہلے بھی بھگت چکے ہیں، اب بھی بھگتیں گے۔