کھیل
08 جولائی ، 2012

ومبلڈن ٹینس: سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے 7 ویں بار مینز ٹائٹل جیت لیا

ومبلڈن ٹینس: سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے 7 ویں بار مینز ٹائٹل جیت لیا

لندن … 76 سال بعد ومبلڈن جیتنے کا برطانیہ کا خواب ادھورا رہ گیا ، سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے اینڈی مرے کو شکست دے کر ساتویں بار ومبلڈن ٹینس کا مینز ٹائٹل جیت لیا، انہوں نے امریکا کے پیٹ سمپراس کا 7 بار ٹائٹل حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ لندن میں کھیلے گئے سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ایونٹ کے مینز سنگلز فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مری اور سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر کے درمیان مقابلہ تھا، راجر فیڈرر نے میچ 3-1 سے اپنے نام کیا۔ اینڈی مری نے ابتداء میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا سیٹ جیتا اور دوسرے سیٹ میں راجر فیڈرر کو مشکل سے کامیابی حاصل کرنے دی ۔ تاہم اس کے بعد سوئس اسٹار نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانوی کھلاڑی کو مسلسل دو سیٹس میں شکست دے کر ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اینڈی مرے کے خلاف راجر فیڈرر کی کامیابی کا اسکور 4-6، 7-5، 6-3 اور 6-4 رہا، راجر فیڈرر نے اس کامیابی کے ساتھ ورلڈ نمبر ایک پوزیشن بھی اپنے نام کرلی ہے جبکہ وہ مجموعی طور پر سب سے زیادہ 17 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے برطانوی کھلاڑی اینڈی مری اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو دیئے، اینڈی مرے کی شکست پر کئی برطانوی شایقین بھی آنسو بہاتے رہے۔ میچ دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین کے ہمراہ شاہی خاندان کے افراد، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی موجود تھیں، مشہور فٹبالر ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ بھی میچ دیکھنے آئیں۔

مزید خبریں :