13 جنوری ، 2012
صنعاء…یمن کی مجاز اتھارٹی نے متحارب فریقین کو مسلح مظاہرے 48 گھنٹوں کے اندر ختم کرنیکی مہلت دی ہے۔یمن کا مقتدر ادارہ عسکری کونسل کے ترجمان میجر جنرل علی سعید عبید نے ایک بیان میں کہا کہ کونسل نے ملک میں مسلح احتجاجی مظاہرے کرنے اور ایک دوسرے پرحملے کرنے والے متحارب گروپوں کوجمعہ تک مہلت دی ہے جس کے بعد فوج ان کے لوگوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔مہلت کے خاتمے کے بعد فوج خود میدان میں اترے گی اور تمام سرکاری اور غیر سرکاری تنصیبات میں چھپے ان مسلح افراد کو تلاش کرے گی۔ بالخصوص اسکولوں اور مسلح جنگجووٴں کے کیمپوں کی مکمل تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ بدامنی اور افراتفری میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔یاد رہے کہ یمن میں قیام امن اور پرامن انتقال اقتدار کے لیے خلیج تعاون کونسل"جی سی سی" کے تیار کردہ فارمولے میں سفارش کی گئی تھی کہ حکومت ملک میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے ایک فوجی کمیٹی تشکیل دے جو صنعاء اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں اپنی نگرانی میں مسلح گروپوں کا احتجاج اور ان کی کارروائیاں ختم کرائے اور ملک میں حکومتی رٹ بحال کرے۔