کھیل
08 جون ، 2017

سری لنکا کی جیت، چمپیئنز ٹرافی گروپ بی کی صورت حال دلچسپ

سری لنکا کی جیت، چمپیئنز ٹرافی گروپ بی کی صورت حال دلچسپ

کراچی: سری لنکا کی بھارت کے خلاف سات وکٹ سے جیت کے بعد آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کے گروپ بی کے اگلے دونوں میچ کوارٹر فائنل کی شکل اختیار کرگئے ہیں۔

آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے گزشتہ روز آئی سی سی رینکنگ کی نمبر ایک ٹیم جنوبی افریقا کو شکست دے کر دو قیمتی پوئنٹس حاصل کیے جب کہ سری لنکا بھی جمعرات (آج) بھارت کے خلاف 322 رنز کا ہدف بآسانی تین وکٹ پر حاصل کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا ہے۔

گروپ بھی اس وقت پاکستان ،جنوبی افریقا ،بھارت اور سری لنکا کے دو دو میچز میں دو، دو ہی پوائنٹس ہیں جس کے بعد اتوار کو ہونے والا جنوبی افریقا اور بھارت کا میچ انتہائی اہمیت اختیار کر گیا گیا۔

دونوں ٹیموں میں سے جو ٹیم بھی میچ جیتی وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ اسی طرح پیر کو ہونے والا پاکستان اور سری لنکا کے میچ کی فاتح ٹیم  سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

گروپ بی کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت کا رن ریٹ پلس 1.272 ہے اور وہ سری لنکا سے شکست کے باوجود پہلے نمبر پر ہے جب کہ جنوبی افریقا پلس 1 کے ساتھ دوسرے،سری لنکا منفی صفر اعشاریہ 879 کے ساتھ تیسرے اور پاکستان منفی 1 اعشاریہ 544 کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

لیکن چونکہ اب ہونے والے میچز کوارٹرفائنل کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں اس لئے رن ریٹ بہتر ہونے سے ہوئی فرق نہیں پڑے گا، البتہ اگر بھارت اور جنوبی افریقا کے میچ کے درمیان بارش ہوگئی اور کسی وجہ سے میچ مکمل نہ ہوسکا تو دونون ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے ایسی صورت میں بھارت  بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

بلکل اسی طرح اگر پاکستان اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کی نظر ہوگیا یا کسی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوئنٹ مل جائے گا۔ایسی صورت حال میں فائدہ جنوبی افریقا کو ہوگا اور وہ رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے بھارت کے ساتھ گروپ بی سے سیمی فائنل کھیلنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی اور پاکستان اور سری لنکا کو گھر واپس لوٹنا پڑے گا۔

مزید خبریں :