کھیل
04 جولائی ، 2017

پاکستان نہ آنے والی غیرملکی ٹیموں کی منت نہ کریں، وزیراعظم

پاکستان نہ آنے والی غیرملکی ٹیموں کی منت نہ کریں، وزیراعظم

وزیراعظم نواز شریف نے  پی سی بی حکام کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی غیر ملکی ٹیم کی پاکستان آمد کے لئے منت نہ کی جائے۔

چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے پی سی بی حکام کو ہدایت کی کہ ہم ہر میدان کے فاتح ہیں اس لئے جو غیر ملکی ٹیم پاکستان آنا نہیں چاہتی تو اس کی منت نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا بھی اپنا مقام ہے اور عزت ہے، پاکستان نہ آنے والی ٹیم اور ملک جلد ہمارے پاس کھیلنے کے لئے بھاگے بھاگے آئیں گے۔

وزیراعظم نے ماضی کی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ساری زندگی کرکٹ دیکھتا اور کھیلتا آیا ہوں، بچپن سے باؤنسر جب بھی آتا مجھے برداشت نہیں ہوتا تھا، ریلوے کے گراونڈ پر کھیلنے گئے تو منع کر دیا گیا جس پر بہت تکلیف ہوئی اور پاناما لیکس سے اتنی تکلیف نہیں ہوئی جتنی کرکٹ گراؤنڈ سے نکالے جانے پر ہوئی تھی۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب کے دوران کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اصل وزیراعظم تو آپ لوگ ہیں،  ہم تو ٹائٹل کے وزیراعظم ہیں جن کی اپنی خواہش آپ جیسے ہیروز سے ملنے کی ہوتی ہے۔ 

وزیراعظم نوازشریف نے وننگ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بھی کہا کہ شہر یار خان کہتے رہتے تھےکہ سرفراز کو کپتان بنانا چاہتاہوں، میری خواہش ہے کہ آپ سے ہاتھ ملاؤں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی استقبالیہ تقریب میں چیف سلیکٹر اور کھلاڑیوں کے اہلخانہ بھی شریک تھے ،اس موقع پرچیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو انعامی رقم کے ساتھ اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے وزیراعظم ہاؤس روانگی سے قبل گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

مزید خبریں :