13 جولائی ، 2017
شمالی کوریا میں زیر سمندر زلزلہ آیا ہے، یونائیٹڈ اسٹیٹ جیولوجیکل سروے کے مطابق مذکورہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر5اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی ہے ۔
زلزلہ پیما مرکز کا مزید کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز شمالی کوریا کے تیسرے بڑے شہر کھونگ جن سے 190کلو میٹر دور سمندر کی تہہ سے 500 کلو میٹر گہرائی میں ہے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ سمندر میں مرکز ہونے کے باوجود اس سے سونامی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
امریکی ادارے پینٹا گون نے بھی شمالی کوریا میں زلزلہ آنے کی تصدیق کی ہے ۔
پینٹا گون کا مزید کہنا ہے کہ مقام اور گہرائی سے اندازہ ہوا ہے کہ یہ زلزلہ قدرتی ہے اور شمالی کوریا کی جانب سے کسی قسم کے نیوکلیئر ٹیسٹ کے نتیجے میں نہیں آیا ہے، تاہم اس حوالے سے مسلسل جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
واضح ہے کہ شمالی کوریا موجودہ سپریم لیڈر کم جونگ ان کے 2011ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک 5 جوہری ٹیسٹ کر چکا ہے جن میں گزشتہ سال کے دو ٹیسٹ بھی شامل ہیں جبکہ میزائل ٹیکنالوجی میں بھی اس نے مہارت حاصل کرلی ہے۔