11 جولائی ، 2012
پالی کیلے … اظہر علی کی مسلسل دوسری سنچری کی بدولت سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان کو 188 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، اسد شفیق نصف دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری اسکور کرکے وکٹ پر موجود ہیں۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے دن کا آغاز پاکستان نے 1 وکٹ پر 27 رنز سے کیا، محمد حفیظ اور اظہر علی نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسکور کو 110 رنز تک پہنچا دیا، محمد حفیظ 52 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، اظہر علی نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل دوسری اور ٹیسٹ کیرئیر کی چوتھی سنچری اسکور کی۔ جب چوتھے دن کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 8 وکٹ پر 299 رنز بنالئے تھے۔ اسد شفیق 55 رنز اور عدنان اکمل بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔ رنگانا ہیراتھ 4 وکٹ کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ دلہارا فرنانڈو نے 3 وکٹیں لیں۔ پاکستان کو میچ میں مجموعی طور پر 188 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کی 2 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کیلئے میچ جیتنا ضروری ہے جبکہ سری لنکا کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔