21 جولائی ، 2017
وزیر داخلہ چودھری نثار نے وزیر اعظم نواز شریف سے 35 سالہ رفاقت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چودھری نثار نے وزیراعظم سے35 سالہ رفاقت ختم کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے اور جس کا اعلان اتوار کو پریس کانفرنس میں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چودھری نثار کی جانب سے وزرات سے بھی مستعفی ہونے کا امکان ہے جب کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی کوئی عہدہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق چودھری نثار کا کہنا ہے کہ انہوں نے نوازشریف سے وفاداری نبھائی اور کبھی انہیں سبکی نہیں ہونے دی لیکن اب وزیراعظم ناپختہ ذہنوں میں گھرچکے ہیں اور ان ہی ذہنوں نے وزیراعظم کوان حالات سےدوچار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری نثارکو ایک ماہ سے مشاورت سے باہر رکھا گیا اور چودھری نثار نے وزیراعظم کو قوم سےخطاب اور جےآئی ٹی میں پیشی سے روکا تھا۔
تاہم وزرات داخلہ کے ترجمان نے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں لہذا قریبی ذرائع کون سے ہیں اس کی وضاحت کی جائے۔
ترجمان کے مطابق میڈیا کو پہلے بھی کہا تھا کہ قیاس آرائیاں نہ کی جائیں تاہم پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ کیا کہیں گے اسی دن ہی واضح ہو گا۔