سندھ حکومت کا نیب کیسز میں ملوث افسران کو عہدوں سے نہ ہٹانے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے نیب کیسز میں ملوث افسران کو عہدوں سے نہ ہٹاتے ہوئے انہیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ میں نیب کیسز میں ملوث سندھ کے افسران کی رپورٹ پیش کی جس میں بڑے بڑے نام شامل ہیں جب کہ نیب رپورٹ کے مطابق سندھ کے 16 سیاست دانوں پر بھی نیب کیسز چل رہے ہیں۔

نیب رپورٹ کے مطابق پولیس، محکمہ تعلیم، زراعت سمیت ایم ڈی واٹر بورڈ پر بھی نیب کیسز چلے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب کے خلاف قانونی جنگ میں سندھ حکومت نے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صوبے میں کام کرنے والے وہ افسران جن پر نیب میں کیسز چل رہے ہیں انہیں عہدوں سے نہیں ہٹایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اس حوالے سے سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ نیب کو صوبائی محکموں میں کارروائی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے اہم عہدوں پر تعینات افسران کو برقرار رکھنے کا فیصلہ نیب کو واضح پیغام ہے۔

واضح رہےکہ سندھ حکومت نےصوبے میں نیب کے خاتمے کے لیے اسمبلی میں بل پیش کیا تھا جس کے تحت صوبے سے نیب آرڈیننس 1999 کا اطلاق ختم کردیا گیا تھا تاہم اپوزیشن نے بل کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے جس میں عدالت نے نیب کو صوبے میں کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ 

مزید خبریں :