Time 30 اگست ، 2017
پاکستان

واجد ضیاء نے نیب لاہور میں بھی اپنا بیان ریکارڈ کرادیا

لاہور: پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سابق سربراہ واجد ضیاء نیب لاہور کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔

نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز جے آئی ٹی کے سابق سربراہ واجد ضیاء نے نیب راولپنڈی کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

واجد ضیاء کو آج نیب لاہور نے طلب کررکھا تھا اور وہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے اسلام آباد سے لاہور پہنچے۔

واجد ضیاء 3 گھنٹے تک نیب کے دفتر میں موجود رہے جہاں انہوں نے دفعہ 161 کے تحت بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرایا جب کہ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور سلیم شہزاد  نے ان کا بیان ریکارڈ  کیا۔

واجد ضیاء کو نیب راولپنڈی کی طرح نیب لاہور کی جانب سے ایک سوالنامہ بھی دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ واجد ضیاء ایک دستاویزی بیان لے کر نیب لاہور کے دفتر آئے تھے۔

شریف خاندان کے خلاف نیب لاہور میں 4 کیسز ہیں جن میں سے ایک کیس 12 آف شور کمپنیوں اور دوسرا لندن کے 4 فلیٹس کا ہے جب کہ نیب راولپنڈی کے پاس 2 کیسز ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو بھی کئی بار طلب کیا تھا تاہم دونوں فریقین نے سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیلیں دائر کررکھی ہیں اور اس پر فیصلہ آنے تک نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔


مزید خبریں :