پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2017

این اے 120 کے تمام پولنگ اسٹیشن حساس قرار

لاہور: پولیس ذرائع کے مطابق این اے 120 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی لاہور کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے امیدواروں کی مہم زورو شور سے جاری ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے اس حلقے میں کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ تحریک انصاف نے یاسمین راشد اور پیپلزپارٹی نے فیصل میر کو میدان میں اتار ہے۔

تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے درمیان گرما گرمی اور سیاسی چپقلش کے باعث انتخاب کے روز سیکیورٹی انتہائی سخت رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حلقے میں لڑائی جھگڑوں کے خدشے کے سبب تمام 220 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ پولیس اور اسپیشل برانچ نے متفقہ طور پر تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا، پولنگ کے روز تمام اسٹیشنز پر پولیس کی اضافی نفری، رینجرز اور فوج تعینات کی جائے گی۔

مزید خبریں :