14 ستمبر ، 2017
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ این اے 120 میں کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسے، جلوس کی اجازت نہیں۔
خط میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں حلقے میں آج جلسوں کاانعقاد کر رہی ہیں جنہیں فوری طور پر روکا جائے اور حلقے میں جلسوں کی اجازت نہ دی جائے۔
الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ہدایت دی کہ حلقے میں ضابطہ اخلاق کو یقینی بنایا جائے۔
نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔
مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو حلقے سے امیدوار نامزد کیا ہے اور ان کے مدمقابل تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد ہیں جب کہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم ان کی صاحبزادی مریم نواز چلا رہی ہیں۔
اس سے قبل سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ کلثوم نواز میری بہن ہیں، انہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا جب کہ وہ مجھے پارٹی میں بھی دوبارہ واپس لائیں۔
جاوید ہاشمی نے کلثوم نواز کی کامیابی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ اگر کلثوم نواز نے 50 ہزار ووٹ لیے تو ان کے مقابلے میں یاسمین راشد 12 سے 13 ہزار ووٹ لے سکیں گی۔