14 ستمبر ، 2017
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توہین عدالت کیس میں وارنٹ جاری ہونے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا رویہ غیر جانبدار نہیں ہے۔
لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کیسے وارنٹ جاری کر سکتی ہے؟ اس کے رویے پر اگر سپریم کورٹ جانا پڑا تو جائیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کی لائن پر چل رہا ہے جبکہ اس کا کام صاف اور شفاف الیکشن کرانے کا ہونا چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز روز پاکستان کی عدلیہ کی توہین کرتی ہیں اور وہ این اے 120 میں مسلم لیگ نواز کی انتخابی مہم چلا رہی ہیں، انہیں سب اختیارات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سے پاناما کیس اٹھایا میرے خلاف سپریم کورٹ میں بھی کیسز لائے گئے، پہلی دفعہ عوام کو اعتماد ہواکہ طاقتور کابھی احتساب ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ داتا دربار سلام کرنے جا رہاہوں کوئی نہیں روک سکتا اور یہ میرا حق ہے۔
اس موقع پر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے نواز شریف کے حق میں قرارداد پاس کی یہ خلاف آئین ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہہ دیا نواز شریف کو اقامہ پر نہیں بددیانتی پر نکالا۔