19 ستمبر ، 2017
کراچی: سینٹرل جیل میں انتہائی خطرناک قیدیوں کا نیٹ ورک توڑ کر 90 قیدیوں کو مختلف جیلوں میں منتقل کردیا گیا۔
جیونیوز کے مطابق کراچی سینٹرل جیل سے 2 خطرناک قیدیوں کے فرار کے بعد ایپکس کمیٹی نے قیدیوں کی صوبوں کی دیگر جیلوں میں منتقلی کا فیصلہ کیا تھا اور یہ فیصلہ جیل میں موجود خطرناک قیدیوں کا نیٹ ورک توڑنے کے لیے کیا گیا۔
جیونیوز کےمطابق اس حوالے سے رپورٹ محکمہ داخلہ میں جمع کرادی گئی ہے جس کےمطابق کراچی سینٹرل جیل سے انتہائی خطرناک 90 قیدیوں کو صوبوں کی مختلف جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق قیدیوں کی منتقلی کا فیصلہ یکم اگست سے شروع کیا گیا ہے جس میں پہلے مرحلے میں سکھر، راولپنڈی اور لاڑکانہ کی جیلوں میں قیدیوں کو منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ کالعدم تنظیم کے 2 خطرناک قیدیوں کو راولپنڈی منتقل کیا گیا اور 8 انتہائی خطرناک قیدی لاڑکانہ جب کہ 80 قیدیوں کو سکھر جیل منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مزید قیدیوں کی منتقلی کی بھی فہرستیں بنائی گئی ہیں اور انہیں بھی جلد صوبے کی دیگر جیلوں میں منتقل کردیا جائے گا جب کہ اس حوالے سے جیل حکام نے محکمہ داخلہ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ 68 قیدیوں کو جلد فوجی عدالتوں کے حوالے بھی کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ کراچی سینٹرل جیل سے فرار ہونے والے دو انتہائی خطرناک قیدیوں کے افغانستان پہنچنے کا انکشاف ہوا تھا۔