24 ستمبر ، 2017
قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا سے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لئے متحدہ عرب امارات پہنچ گئی۔
قومی کرکٹ ٹیم نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے لاہور ائیر پورٹ پہنچی جہاں سے وہ غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی پہنچی جب کہ ٹیم کے اسکواڈ میں 16 کھلاڑی اور 9 آفیشلز شامل ہیں۔
کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم اظہر علی، سمیع اسلم، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، محمد اصغر، امیر حمزہ، حسن علی، محمد عباس، بلال آصف اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر اور دوسرا 6 اکتوبر سے شروع ہوگا جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 27 اور 29 اکتوبر کو ہوں گے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ تیسرا اور آخری میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔