Time 25 ستمبر ، 2017
پاکستان

توہین عدالت کیس: عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن کمیشن میں توہین عدالت سے متعلق جواب جمع کرا دیا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ 

سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے عمران خان کی جانب سے توہین عدالت سے متعلق جواب جمع کرایا گیا۔ 

عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا احترام کرتا ہوں اور آئینی اداروں کی بالادستی پر یقین ہے، میرے وکیل نے جو معافی نامہ جمع کرایا وہی میرا موقف ہے۔ 

سماعت کے دوران رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ غیر مشروط معافی تو عمران خان کے وکیل نے مانگی تھی جس پر چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے کہا معافی عمران خان کی جانب سے ہی مانگی گئی تھی۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ چیرمین تحریک انصاف کو جاری کردہ شوکاز نوٹس اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے۔

درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل نے شوکاز نوٹس واپس لینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو 13 مواقع ملے لیکن ان کی جانب سے الیکشن کمیشن سے معافی کا ایک لفظ بھی نہ کہا گیا۔

اکبر ایس بابر کے وکیل نے عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ایک اور درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے کراچی میں 20 ستمبر کو الیکشن کمیشن کو تضحیک کا نشانہ بنایا اور کہا الیکشن کمیشن نواز اور پیپلز پارٹی کا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی نئی درخواست پر عمران خان سے 27 ستمبر کو جواب طلب کر لیا جب کہ توہین عدالت کیس کا فیصلہ بھی 27 ستمبر کو ہی سنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے جہلم اور ساہیوال کے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان اور حمزہ شہباز کو نوٹس جاری کیا تھا، تاہم حمزہ شہباز نے الیکشن کمیشن سے غیرمشروط معافی مانگ لی تھی۔

توہین عدالت کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے تضحیک آمیز الفاظ کے خلاف آج پھر درخواست جمع کرائی ہے، جو شخص اپنی غلطی اور کوتاہی تسلیم نہیں کرتا وہ کسی صورت قیادت کے قابل نہیں ہے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ آج بھی عمران خان نے غیر مشروط معافی نامہ جمع نہیں کرایا، عمران خان نے پی ٹی آئی کو اپنے تکبر اور"میں" کے سبب داؤ پر لگایا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی روکنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔

مزید خبریں :