Time 27 ستمبر ، 2017
پاکستان

نواز شریف کے کل برطانیہ روانہ ہونے کا امکان

اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے کل برطانیہ روانہ ہونے کا امکان ہے۔ 

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے نجی کورئیر کمپنی سے اپنا پاسپورٹ حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی ویزے کی مدت ختم ہونے پر دوبارہ ویزہ لے لیا جبکہ وہ اپنا پاسپورٹ لینے خود کورئیر کمپنی پہنچے۔

خیال رہے گزشتہ روز نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت بگڑ گئی جس پر انہیں ایمرجنسی میں داخل کیا گیا۔

بیگم کلثوم نواز کو ڈاکٹروں نے کینسر تشخیص کیا ہے اور ان کا علاج لندن میں جاری ہے جہاں ان کے بچے ان کی تیمارداری کے لیے موجود ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ روز طبیعت بگڑ گئی تھی اور ان کی حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں لندن کے پرنس گریس اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ایمرجنسی میں منتقل کیا۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایک گھنٹہ 45 منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں پارٹی کی اندرونی صورت حال پر بھی بات کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پارٹی کے صدر سے متعلق بھی تبادلہ خیال گیا گیا۔

ون آن ون ملاقات میں اداروں کے خلاف جارحانہ پالیسی نہ اپنانے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب میں پیش ہونے کے سابق وزیراعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نااہل کرنے کا فیصلہ ہوچکا تھا جس کے لئے اقامہ کی آڑ لی گئی تاہم حالات کی سنگینی کا سامنا پہلے بھی کیا اور اب بھی کر رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدالتوں سے فرار ہونا ہمارا طریقہ نہیں، ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کے لئے کردار ادا کیا لیکن جانتا ہوں کہ کس جرم کی سزا دی جارہی ہے۔

مزید خبریں :