Time 29 ستمبر ، 2017
پاکستان

آٹھ محرم الحرام کے جلوس: کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بحال ہونا شروع

کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں آٹھویں محرم الحرام کے موقع پر   کئی شہروں میں معطل ہونے والی موبائل فون سروس اب بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ 

کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا  8 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں پر ختم ہوا جب کہ جلوس کی گزر گاہوں سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینر رکھ کر بند کیا گیا۔

جلوس کی گزر گاہ ایم اے جناح روڈ اور صدر کا علاقہ ہے جہاں دس محرم کی رات تک دکانیں اور سڑک بند رہے گی جب کہ جلوس کی گزرگاہوں کو 9 سیکٹر اور 23 سب سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے۔

شہر بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔

لاہور:

لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربار حسین موری گیٹ سے برآمد ہوا جو لوہاری، انار کلی اور مال روڈ سے ہوتا ہوا پام اسٹریٹ انار کلی پہنچے گا۔

یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے جلوس کے روٹ پر فوج اور رینجرز سے مدد طلب کر لی ہے جب کہ ٹریفک پولیس نے بھی نویں اور دسویں محرم الحرام کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

پلان کے مطابق شاہدرہ سے آنے والی ٹریفک براستہ آزادی فلائی اوور ریلوے اسٹیشن آ سکے گی۔ سگیاں پل اور ائرپورٹ کی طرف رنگ روڈ کھلی رہے گی۔ 

فیروز پور روڈ سے آنے والی ٹریفک پی ایم جی چوک سے سگیاں پل جا سکے گی۔ سرکلر روڈ سے ٹریفک موری گیٹ کے راستے نیلا گنبد جائے گی۔ 

لاء کالج پنجاب یونیورسٹی سے اردو بازار کی طرف ٹریفک بند رہے گی جبکہ مستی گیٹ سے چوک ٹیکسالی تک بھی ٹریفک بند رہے گی۔ لوئرمال پر ضلع کچہری سے داتا دربارتک ملحقہ سڑکوں سے ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔

موبائل فون سروس معطل

 کراچی، حیدرآباد، سکھر، شکارپور، کشمور، خیرپور اور جیکب آباد سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

پشاور 

پشاور میں آٹھویں محرم کے دو ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں، پہلا جلوس امام بارگاہ نجف علی شاہ کوچی بازار سے تین بجے کے بعد برآمد ہوگا جبکہ دوسرا ماتمی جلوس بچوں کا ہے جو رات آٹھ بجے امام بارگاہ امام حسین محلہ مرویحا سے برآمد ہوگا۔

پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی خدشات کی بناء پر اندرون شہر سیل ہے اور خاردار تاریں لگا کر راستے بند کردیئے گئے ہیں جب کہ شہر کے تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بھی آج سے بند ہیں۔ 

پولیس کے علاوہ پاک فوج اور ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں جبکہ خفیہ کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے تین روز کے لئے شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔   

کوئٹہ 

محکمہ داخلہ بلوچستان نے عاشورہ محرم پر موبائل سروس کی بندش کے لئے وفاقی وزرات داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا، اجازت ملنے کے بعد 9 اور 10 محرم کو صوبے کے 4 اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی جائے گی۔

صوبائی محکمہ داخلہ نے نویں محرم کو ضلع بولان کے علاقے مچھ اور دسویں محرم الحرام کو کوئٹہ، جعفرآباد اور جھل مگسی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کی اجازت مانگی ہے۔

مزید خبریں :