02 اکتوبر ، 2017
بالی وڈ اسٹار عمران ہاشمی پہلی بار سلمان خان کے ساتھ ’’ریس 3‘‘ میں نظر آئیں گے۔
عمران ہاشمی اپنے فلمی کیرئیر میں کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں لیکن ان کی شناخت صرف بولڈ مناظر کے حوالے سے ہی رہی ہے۔
عمران ہاشمی کی مسلسل 3 فلمیں ناکام ہوچکی ہیں جس کے بعد ان کا کیرئیر زوال پذیر تھا اور انہیں فلمی دنیا میں رہنے کے لیے ایک کامیاب فلم کی ضرورت تھی۔
اجے دیوگن اور عمران ہاشمی کی فلم ’’بادشاہو‘‘ کی کامیابی نے عمران ہاشمی پر ایک بار پھر فلمی دنیا کے دروازے کھول دیئے ہیں اور اب انہیں ایک بڑی فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران ہاشمی کو سدھارت ملہوترا اور آدتیہ رائے کپور کے انکار کے بعد فلم ’’ریس 3‘‘ کے فلم سازوں نے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی پیش کش کی جس پر انہوں نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی ہے۔
سلمان خان اور عمران ہاشمی پہلی بار سلور اسکرین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے جب کہ فلم کی شوٹنگ رواں ماہ ہی شروع ہونے کا امکان ہے۔