Time 02 اکتوبر ، 2017
پاکستان

وزیر داخلہ نے فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، عمران خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ساڑھے 6 لاکھ ڈالرز کی منی ٹریل میں سے پانچ لاکھ کی منی ٹریل عدالت میں پیش کرچکے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں باہر کمائی کرکے پیسا پاکستان لے کر آیا، میرا تمام پیسا بینکوں کے ذریعے پاکستان آیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے بچوں نے اربوں روپے کی جائیدادیں لیں اور چھپائیں اور ان کی کوئی بینکنگ ٹرانزیکشنز بھی نہیں دی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان سے پوچھا گیا کہ اربوں روپیہ کیسے آیا تو ایک بھی ٹرانزکشن نہیں بتائی، مریم صفدر نے جو اربوں روپے کی جائیداد لی وہ نوازشریف کا پیسہ تھا جو باہر گيا۔

نیب عدالت کے باہر ہونے والے واقعے پر انہوں نے کہا کہ کیا احسن اقبال کو نہیں پتہ تھا کہ ایس ایس پی نے رینجرز کی درخواست کی تھی،نیب کورٹ کے جج نے گزشتہ سماعت پر ہی کہا تھا کہ وزراء کو آنے سے روکا جائے، ایسے میں وزیر داخلہ روکے جانے کے بعد فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔

 انہوں نے  جو ڈرامہ کیا ہے وہ بتائيں کیا انہیں جمہوریت کی اسپیلنگ بھی آتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ احسن اقبال نے جان بوجھ کر انگریزی میں ریاست کے اندر ریاست کے لفظ ادا کیے تاکہ بیرونی دنیا بھی سنے، یہ جمہوریت کو تباہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی بہترین پارلیمنٹرین ہیں تاہم قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے معاملے پر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ نیب کی چیرمین کی تعیناتی کےڈرسے ہم اپوزیشن لیڈرلےکر آئیں گے، یہ ڈیموکریٹس نہیں،یہ عوام کی خدمت نہیں کررہے یہ چوروں کو بچارہے ہیں۔

مزید خبریں :