08 اکتوبر ، 2017
بونیر: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک خاندان اپنی چوری بچانے کے لیے ملک تباہ کررہا ہے، عدلیہ اور فوج پر سابق نواز شریف کے حملوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ منی لانڈرنگ کی سزا سے بچ جائیں۔
بونیر میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پیسہ چوری کرنے کا ظلم نہیں کیا، بلکہ اخلاقیات تباہ کردی ہیں، لگتا ہے پھر سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کامیابی نہیں ملی لیکن اب بونیر پی ٹی آئی کا ہوگا، 2018 کے انتخابات میں پورے پاکستان میں تبدیلی کا انقلاب آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم تب اٹھتی ہے جب وہ اپنا کردار ٹھیک کرتی ہے، جس قوم کے لیڈر صادق اور امین ہوں وہ عظیم قوم بنتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قومی اسمبلی نےپارٹی صدر کے انتخاب سے متعلق قانون پاس کیا، نواز شریف نے صرف ادارے تباہ نہیں کیے، قوم کی اخلاقیات بھی تباہ کیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ نوازشریف اب بھی میرے وزیراعظم ہیں، وہ ایک کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کے پیسے کی حفاظت کرنی ہے، کبھی کسی کرپٹ لیڈر کو حکومت میں نہیں آنے دینا، قوم فیصلہ کرلے ہمیں ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ قومیں کبھی بمباری یاشکست سےتباہ نہیں ہوتیں بلکہ قومیں اخلاقیات ختم ہونے سے تباہ ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کی کرپشن کی قیمت عوام غربت سےادا کرتی ہے، آصف زرداری اور نوازشریف قوم کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان دونوں کے ساتھ ہی فٹ ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زرداری اور نوازشریف کے آنے تک ہر پاکستانی پر35 ہزار قرضہ تھا، اس وقت ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 30 ہزار روپےکا قرضہ ہوگیاہے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں 45 فیصد بچے خوراک کی کمی کی بیماریوں کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال ایک ہزار ارب روپے منی لانڈرنگ سے باہر چلے جاتے ہیں، اگر یہ پیسہ باہر نہ جائے تو یہاں فیکٹریاں، اسکول اور اسپتال بن سکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ان کی ساری کوششیں منی لانڈرنگ کی سزا سے بچنے کے لیے ہیں، اگر سزا ہوگئی تو تمام جائیدادضبط اور بینک اکاؤنٹس منجمد ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں میرٹ اور بادشاہت میں خون کار شتہ ہے، اسی بنیاد پر جمہوریت نے بادشاہت کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ ہو تو بلاول بھٹو اور مرادسعید کا کوئی مقابلہ نہیں، مراد سعید میرٹ پر اوپر آیا، پیپلز پارٹی میں میرٹ ہوتی تو بلاول اور اعتزاز احسن میں کیا مقابلہ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں خیبرپختونخوا میں غربت آدھی ہوگئی ہے۔