16 اکتوبر ، 2017
تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ عمران خان جنتی مرضی جعلسازی کرلیں یا ثبوت کو بدل دیں لیکن وہ نااہلی سے نہیں بچ سکتے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف کیسز منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں اور بہت جلد فیصلہ ہوجائے گا کہ وہ بھی قانونی طور پر سیاست نہیں کرسکتے۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ ان کا مقصد عمران خان کو ناہل کرانا یا تحریک انصاف کو نقصان پہنچانا نہیں، یہ جماعت تبدیلی کے لئے بنائی گئی تھی، چوروں اور ڈاکؤں کا اڈہ نہیں بنایا تھا جو ملکی سیاست میں ملاوٹ کریں۔
پی ٹی آئی کے منحرف رہنما کا کہنا تھا کہ سوائے اقتدار اور ذاتی مقاصد کے عمران خان کا کوئی مقصد نہیں، نااہلی کی صورت میں وہ لندن چلے جائیں گے۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ تبدیلی کے نظریے کے ساتھ جو لوگ عمران خان کے ساتھ آئے تھے ان کے لئے عمران خان نے تمام راستے بند کردیے، ان کا تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔