Time 16 اکتوبر ، 2017
پاکستان

عمران خان کا 26 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے 26 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں رضا کارانہ طور پر پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کررکھے ہیں اور انہیں 26 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

جیونیوز کے مطابق اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان 26 اکتوبر کو رضاکارانہ طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔

ذرائع کےمطابق پی ٹی آئی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور بعض رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے بنیادی فریضے کی انجام دہی میں مکمل ناکام رہا ہے اور بعض مقدمات میں تحریک انصاف کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے کچھ نہیں سیکھا۔

خیال رہے کہ عمران خان نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں عدالت پر متعصب ہونے کے الزامات لگائے تھے جس پر پی ٹی آئی کے باغی رکن اکبر ایس بابر نے 23 جنوری کو ان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

الیکشن کمیشن اس سے قبل عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرچکا ہے جسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کردیا تھا۔

مزید خبریں :