Time 27 اکتوبر ، 2017
پاکستان

ریکارڈ ٹیمپرنگ: سابق چیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی پر فرد جرم عائد

اسلام آباد: عدالت نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں سابق چیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی پر فرد جرم عائد کردی۔

سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے سابق چیرمین ظفر حجازی پر چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا الزام ہے جس پر سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے نے ظفر حجازی کے خلاف مقدمہ درج کیا جب کہ انہیں 21 جولائی کو اسلام آباد ہائیکوڑٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

جیونیوز کے مطابق اسلام آباد میں اسپیشل جج ارم نیازی کی عدالت میں ظفر حجازی کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

اسپیشل جج نے ظفر حجازی کو فرد جرم کے نکات پڑھتے ہوئے بتایا کہ آپ پر چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا الزام ہے، آپ نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کے لیے ماتحت افسران پر دباؤ ڈالا۔

ظفر حجازی نے فرد جرم عائد کرنے پر صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

دوران سماعت کیس کے گواہان نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں وکیل کرنے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ گواہ ہیں یا پارٹی، نظر آرہا ہے کیس میں پراسیکیوٹر سے زیادہ گواہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

اس دوران ظفر حجازی کے وکیل نے عدالت کی توجہ دلائی کہ جس میٹنگ میں دباؤ ڈالنے کی بات ہوئی وہ 26 جون کو ہوئی جب کہ نوٹ 30 جون کو بنایا گیا۔

واضح رہے کہ ظفر حجازی پر چوہدری شوگر مل کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا کیس پاناما کیس کی سماعت کے دوران بنا تھا۔

مزید خبریں :