15 جولائی ، 2012
پشاور…جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام گرینڈ قبائلی جرگے نے فاٹا میں ڈرون حملے اور فوجی آپریشن بند کرنے اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔ نشتر ہال پشاور میں جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گرینڈ قبائلی جرگے کا اعلامیہ پیش کیا، جس میں حکومت پر زور دیا گیا کہ فاٹا میں ڈرون حملے اور فوجی آپریشن بند کر کے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی راہ اختیار کی جائے۔ امریکا اور مغرب دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ اسلام اوراسلامی قوتوں پرحملہ آور ہیں۔ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے افغانستان اور پاکستان کے قبائلی علاقوں پر آگ برسائی جارہی ہے۔ لاکھوں قبائل معذوراورگھربارچھوڑ کرہجرت پرمجبورکردیے گئے۔ جرگے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کے واقعے، سانحہ ایبٹ آباد اور سلالہ حملے کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ ہوا تھا کہ امریکا کے ساتھ تمام زبانی معاہدے ختم کرکے تحریری معاہدے کئے جائیں گے۔ تحریری معاہدے سے قبل نیٹو سپلائی بحال کرنے کا حکومت کو اختیار حاصل نہیں۔