02 نومبر ، 2017
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکن کپتان دنیش چندی مل کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس ٹیسٹ سیریز خراب بلے بازی کی وجہ سے ہارے۔
دنیش چندی مل نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کا کریڈٹ ایک جادوگرنی کو دے دیا تھا۔
سری لنکن کپتان نے کہا کہ انہیں متحدہ عرب امارات میں دومیچوں کی ٹیسٹ سیریز کے قبل ایک جادوگرنی نے خصوصی آشیرباد دی تھی۔
کولمبو واپسی پر انہوں نے کہا کہ ’میں کسی کی بھی آشیرباد کو ہمیشہ خوش آمدید کہتا ہوں، چاہے وہ کسی جادوگر کی ہو یا پادری کی۔ آپ کے پاس ٹیلنٹ ہو سکتا ہے لیکن آپ اس آشیرباد سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔‘
سرفراز نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ٹیسٹ سیریز صرف خراب بیٹنگ کی وجہ سے ہارے تھے، اگر سری لنکا جادو کے ذریعے ٹیسٹ سیریز جیتی تو اسے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی جیتنی چاہیے تھی۔
سرفراز نے کہا کہ وہ ٹیسٹ سیریز صرف خراب بیٹنگ اور جیتنے کے مواقع ضائع کرنے کی وجہ سے ہارے تھے۔
سرفراز نے کہا کہ میچ کے دوران قسمت کا عنصر ہوتا ہے تاہم میچز اچھی یا بری کارکردگی کی بنیاد پر ہارے یا جیتے جاتے ہیں۔
دنیش چندیمل کا بیان ایسے وقت پر آیا جب ایک ہی ہفتہ قبل سری لنکا کے وزیر کھیل نے اس بات کی تردید کی تھی کہ مشکلات کا شکار سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ سیریز سے قبل جادوگرکی خدمات لینے کا حکم دیا گیا۔
کچھ روز قبل سری لنکا کی ایک مقامی جادوگرنی زوئیزا نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹیم کے روانہ ہونے سے قبل ٹیسٹ کپتان چندیمل ان کے پاس آئے اور کہا کہ سری لنکن وزیر کھیل نے کہا ہے کہ میں کوئی ایسا منتر کروں جس سے پاکستان کے خلاف ہماری ٹیم جیت جائے۔
جادوگرنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے منتروں سے آئی لینڈرز کو خود سے اچھی ٹیم پر فتح حاصل ہوئی۔ انہوں نے ثبوت کے طور پر چندیمل کی اپنے گھر میں کھینچی گئی تصویر بھی شیئر کی تھی۔
سری لنکن ٹیم اگرچہ ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے کامیاب ہوئی تاہم اس کے بعد اسے ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 0-5 اور ٹی 20 میں اسے 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔