03 نومبر ، 2017
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ساری عمر زرداری صاحب کے پاؤں دھوکر پئییں پھر بھی شکریہ ادا نہیں کرسکتے، ن لیگ نے ہمیشہ پیٹھ میں چھرا گھونپا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز سے گفتگو میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اعتراف کیا تھا کہ وہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان رابطہ کرانے میں ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سات دن تک انہوں نے فون کیے اور پیغامات بھی چھوڑے تاہم زرداری صاحب نے کوئی جواب نہ دیا۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے رہنما پیپلز پارٹی کی ممکنہ ناراضی کا امکان تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ شاید آصف زرداری کی کچھ شکایات جائز ہوں، ان پر بات ہوسکتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ زرداری رابطوں والے آدمی ہیں، مگر اس بار رابطے نہ کرنے کا آپشن لے لیا ہے۔
’ہم یقین رکھتے ہیں کہ رابطے منقطع نہیں ہونے چاہیئیں، انہوں نے یہ آپشن اختیار کیا ہے۔ اللہ انہیں خوش رکھے۔‘
لطیف کھوسہ نے جمعے کے روز کہا کہ خواجہ آصف کہتے ہیں ہم فون نہیں اٹھاتے، بہت ہوگئی ان کے ساتھ مفاہمت، انھوں نے ہمیشہ دھوکا اور دغا کی ہے۔
ترجمان پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوازشریف نے ایک اور بڑا دھوکا میموگیٹ میں دیا تھا، نوازشریف کالا کوٹ پہن کر وکیل بن کر میموگیٹ میں آصف زرداری کو غدار قرار دلوانے چلے تھے۔