Time 06 نومبر ، 2017
کھیل

احمد شہزاد کو قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ

ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کی خراب فارم اور مسلسل ناکامی کے بعد انہیں قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں احمد شہزاد پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

سلیکشن کمیٹی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مل کر جو ٹیم 14 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے اس کے مطابق دائیں ہاتھ کے بیٹسمین ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے کوچ مکی آرتھر کو تجویز دی ہے کہ وہ آل راؤنڈر عامر یامین اور محمد نواز کو موقع دیں تاکہ ان میں موجود ٹیلنٹ کا اندازہ ہوسکے۔

احمد شہزاد حالیہ میچوں میں بیٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں لاہور میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے ڈراپ کیا گیا تھا۔

احمد شہزاد نے سری لنکا کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے جانے والے 2 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انہوں نے 27 اور 22 رنز بنائے تھے جب کہ ون ڈے سیریز میں انہوں نے صفر اور 8 رنز بنائے تھے۔

25سالہ احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹ میں سنچریاں بنائیں ہیں۔

احمد شہزاد نے لاہور میں کھیلے جانے والے ورلڈ الیون کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انہوں نے 49 رنز اسکور کئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ 81 ون ڈے انٹر نیشنل اور53 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے احمد شہزاد کو پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی ریلیز کردیا ہے اور ان کے پاس اس وقت کوئی فرنچائز نہیں ہے تاہم وہ پر امید ہیں کہ 12 نومبر کو لاہور میں ہونے والے ڈرافٹ میں ان کی خدمات کوئی فرنچائز لے گی۔

نوٹ: یہ خبر 6 نومبر کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :