16 جولائی ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس میں فردجرم عائد کیے جانے کے فیصلے کیخلاف ملک ریاض کی انٹراکورٹ اپیل سپریم کورٹ آفس نے اعتراض لگاکرواپس کردی ہے۔ ملک ریاض کے وکیل ڈاکٹر باسط نے سپریم کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ مقدمے کی ابتدائی سماعت کے دوران مقدمہ کی نوعیت اور سماعت پر اعتراضات کیے گئے تھے، عدالت کو ان اعتراضات پر پہلے فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔ انٹرا کورٹ اپیل میں کہا گیا ہے کہ اعتراضات پر فیصلہ ہوئے بغیر توہین عدالت کی فرد جرم عائد نہیں ہونی چاہیے۔ عدالتی آفس نے اپیل کے ساتھ کورٹ آرڈر کی نقل نہ ہونے پر اسے اعتراض لگا کر واپس کردیا۔ جسٹس شاکراللہ جان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے آج دوپہر کو ملک ریاض توہین عدالت کیس کی سماعت کریگا جس میں ملک ریاض کیخلاف فردجرم عائد کی جائیگی۔