Time 09 نومبر ، 2017
پاکستان

تلہ گنگ: بس کھائی میں گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی

چکوال: ڈسٹرکٹ چکوال میں تلہ گنگ کے قریب ڈھوک پٹھان کےمقام پربس پُل سےگرگئی جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی۔

جیونیوز کے مطابق گزشتہ رات حادثے کا شکار ہونے والی بس کوہاٹ سے رائے ونڈ جارہی تھی جو تلہ گنگ کے قریب 150 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ابتدائی طور پر 24 افراد کی لاشوں کو نکال گیا جب کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 35 سے زائد زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بس میں 60 مسافر سوار تھے جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائے ونڈ جارہے تھے جب کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

اسپتال حکام نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے 4 افراد دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی جب کہ دیگر زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے تلہ گنگ حادثےمیں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔

مزید خبریں :