پاکستان
16 جولائی ، 2012

جمعہ سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی

جمعہ سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی

اسلام آباد … محکمہ موسمیات نے جمعہ سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے، وسطی اور بالائی علاقوں میں مون سون بارشیں اتوارتک جاری رہیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا رخ بتدریج شمال مشرقی علاقوں کی طرف ہے، جس کے باعث جمعے سے اتوار کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، ژوب، قلات ڈویژن میں منگل کے روز، کشمیر میں بدھ اور گلگت بلتستان میں جمعرات کے روز کہیں کہیں تیز ہواوٴں کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے اختتام پر سندھ کی ساحلی پٹی پر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ ہفتے اور اتوار کے روز کشمیر و ملحقہ علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہواوٴں کیساتھ بارش کی توقع ہے۔ دالبندین 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین مقام رہا۔ دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 41 ،پشاور 38 ، کوئٹہ 37 ، لاہور ،اسلام آباد 36 ،گلگت 34 ،کراچی 33 اور مری میں زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان، خیبر پختونخوا،سرگودھا، فیصل آباد ، ڈی جی خان ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواوٴں کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم خشک اور حبس کی شدت برقرار رہے گی۔

مزید خبریں :