پاکستان
Time 27 نومبر ، 2017

کراچی میں کاروبار معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان

کراچی کی کاروباری تنظیموں نے پیر کو بازار اور کاروبار معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کیا ہے تاہم لاہور میں بازاروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاجر رہنما عتیق میر نے کہا کہ ملکی معیشت پر منفی اثر ڈالنے والے کسی اقدام کی حمایت نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیر کے روز کراچی میں کاروبار معمول کے مطابق کھولے جائیں گے۔

ادھر صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے اعلان کیا ہے کہ آج لاہور کے کاروباری ادارے اور بازار بند رہیں گے جبکہ آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے بھی آج ٹرانسپورٹ بند رکھنےکا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین حاجی اکرم ذکی نے کہا کہ آج لاہور میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بندرہے گی۔

دوسری جانب یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز نے آج ٹرانسپورٹ بند رکھنےکا اعلان کیا ہے۔

رہنما گڈز ٹرانسپورٹرز خالدخان کے مطابق تجارتی مال کی ملک بھر میں ترسیل متاثر ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ بندرگاہوں سے مال کی ترسیل 50 فیصد کم ہوگئی۔

اسلام آباد میں جاری مذہبی جماعت کے دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں۔

کراچی، لاہور، پشاور سمیت کئی شہروں میں جگہ جگہ پر مظاہرین نے دھرنے دیئے ہوئے ہیں، کراچی میں سہراب گوٹھ کے مقام پر دھرنے کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان ہے۔

دھرنے کی وجہ سے کراچی کی مصروف ترین شاہراہ پاکستان پر آئل ٹینکروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ پر دھرنے کی وجہ سے اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی جب کہ اندرون ملک جانے والے آئل ٹینکرز میں لاکھوں لیٹر پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں۔

مزید خبریں :