30 نومبر ، 2017
کرم ایجنسی میں طالبان کمانڈر کے گھر پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر کرم ایجنسی کے علاقے میں ڈرون طیارے نے صبح ساڑھے چار بجے طالبان کمانڈر رشید کے گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کمانڈر کا گھر غزنوی مرکز کہلاتا تھا جس پر ڈرون طیارے نے 2 میزائل داغے۔
ذرائع کے مطابق ڈرون حملے میں طالبان کمانڈر رشید کی بھی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں لیکن اس حوالے سے ابھی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
رواں سال ہونے والے ڈرون حملے
بیورو آف انوسٹی گیٹو جرنلزم کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پاکستان میں 6 ڈرون حملے ہوئے جن میں 22 ہلاکتیں ہوئیں۔
2 مارچ 2017 کو کرم ایجنسی میں ڈرون حملے میں 2 افراد ہلاک ہوئے، 26 اپریل 2017 کو شمالی وزیرستان کے گاؤں زوائی میں ڈرون حملے میں 7 شدت پسند مارے گئے۔
24 مئی 2017 کو شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے میں 3 طالبان کمانڈر جب کہ 13 جون 2017 کو ہنگو میں ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر سمیت تین ہلاکتیں ہوئیں۔
جنوبی وزیرستان میں 3 جولائی 2017 کو ڈرون حملے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، 15 ستمبر 2017 کو کرم ایجنسی میں ڈرون حملے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔