دنیا
Time 02 دسمبر ، 2017

فیس بک بانی مارک زکربرگ کی بہن بھی جنسی ہراسگی سے نہ بچ سکیں

طیارے کے عملے نے شکایت کے باوجود بدتمیز شخص کے خلاف کارروائی نہیں کی، رینڈی زکربرگ — فوٹو : فائل

دنیا کی سب سے بڑی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی بہن بھی جنسی ہراسگی سے نہ بچ سکیں۔

اطلاعات کے مطابق مارک زکربرگ کی بہن رینڈی زکربرگ نے الزام عائد کیا ہے کہ لاس اینجلس سے میکسیکو کے شہر ماساتلان جانے والی الاسکا ایئرلائنز کی پرواز میں ایک شخص نے اپنی غیر اخلاقی باتوں سے انہیں مسلسل ہراساں کیا تاہم عملے نے شکایت کے باوجود اس شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

فیس بک کی سابق ایگزیکٹو اور فیس بک میڈیا کی موجودہ چیف ایگزیکٹو رینڈی زکربرگ نے بتایا کہ وہ اپنی ایک ساتھی ورکر کے ہمراہ طیارے میں سوار ہوئیں اور فرسٹ کلاس کیٹیگری میں موجود اپنی نشست پر پہچنیں تو وہاں موجود ایک شخص نے بدکلامی شروع کردی۔

رینڈی زکربرگ کے مطابق انہوں نے اس شخص کے رویے کی شکایت جہاز کے عملے سے کی جنہوں نے کہا کہ یہ شخص تو اس طرح کی حرکتیں کرنے کا عادی ہے اور سب ہی اسے جانتے ہیں۔ رینڈی کے مطابق وہ عملے کے ارکان کا یہ جواب سن کر دنگ رہ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ بجائے اس شخص کے خلاف کارروائی کرنے کے عملہ اسے مسلسل شراب پیش کررہا تھا اور وہ شخص پاس سے گزرنے والی ہر خاتون پر جملے کس رہا تھا۔

رینڈی زکربرگ کے مطابق اس وقت ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب ایک فضائی میزبان اس شخص کے پاس آکر رکا اور اس سے پوچھا کہ ’’آج تمہارا رویہ ٹھیک ہے یا نہیں‘‘۔

رینڈی کے مطابق ایک موقع پر فضائی میزبانوں نے انہیں اور ان کی ساتھی کو نشست بدلنے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے پیشکش یہ کہہ کر مسترد کردی کہ اس طرح کی صورتحال میں ہر بار خواتین کو ہی کیوں جھکایا جاتا ہے، ان کی سیٹ تبدیل کرنے کے بجائے اس بدتمیز شخص طیارے سے باہر کیوں نہیں نکال دیا جاتا۔

دوسری جانب الاسکا ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی نے مسافر کی شکایت نظر انداز کرنے پر عملے کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں اور جس شخص کی شکایت موصول ہوئی ہے اس کی سفری سہولتیں معطل کردی گئی ہیں۔

مزید خبریں :