06 دسمبر ، 2017
کراچی میں سی ویو پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ظافر کے والد فہیم احمد زبیری نے کہا ہے کہ وہ معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور آخری دم تک لڑیں گے۔
جیوز نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اب تک کی تحقیقات سے مطمئن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، چیزیں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور انہیں جلد انصاف کی امید ہے۔
فہیم احمد کا مزید کہنا تھا کہ وہ معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور آخری دم تک لڑیں گے۔
خیال رہے کہ 3 دسمبر کو ظافر اپنے دوستوں کے ساتھ جارہا تھا کہ اُس کی کار ساتھ چلنے والی ہیوی بائیک سے ٹکرا گئی۔
بائیک سوار کو معمولی چوٹیں آئیں مگر پیچھے موجود دو گاڑیوں میں سوار لڑکوں نے ظافر کی کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے ظافر موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا دوست زید زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس نے مرکزی ملزم خاور برنی کو پی ای سی ایچ ایس کے علاقے سے گرفتار کرلیا تھا جس نے فائرنگ کرنے کا اعتراف تو کیا تاہم اس کا کہنا ہے کہ وہ گاڑی روکنے کے لیے ٹائر پر فائرنگ کرنا چاہتا تھا لیکن غلطی سے گولیاں گاڑی کے اندر بیٹھے لڑکوں کو جا لگیں۔
مرکزی ملزم نے گزشتہ روز تفتیشی افسر کےسامنے موٹرسائیکل چلانے والے ڈاکٹر عبدالرحیم سے دوستی کا اعتراف کرلیا تھا۔