Time 10 دسمبر ، 2017
پاکستان

'ویلنگ کرنے اور موٹرسائیکل کی آلٹریشن کرنے والے مکینکس کیخلاف کارروائی ہوگی'

صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے سی ویو پر آج میڈیا سے گفتگو کی۔

کراچی: صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کرنے والے اور موٹرسائیکلوں کی آلٹریشن کرنے والے مکینکس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سی ویو پر اسنیپ چیکنگ کا معائنہ کرنے اور تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صرف دو دریا ہی نہیں بلکہ پورے کراچی میں ون ویلنگ پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کی آلٹریشن کرنے والے مکینکس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سہیل انور سیال نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور سی ویو پر بائیک ریسنگ کے باعث حادثات اور جانی نقصان کی روک تھام کے لئے اپنی جانب سے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی کئی ملکوں سے زیادہ ہے تب بھی جرائم پر قابو پانے کی پوری کوششیں جاری ہیں جب کہ امریکا کے کئی شہروں میں اسٹریٹ کرائم کراچی سے زیادہ ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ٹیم بنائی گئی ہے اس کے ذریعے بھی کسی کی شکایت دور ہوتی ہے تو بڑی بات ہے۔

سہیل انور سیال کا مزید کہنا تھا کہ والدین کو چاہیے ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور بچوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں۔

خیال رہے کہ 3 دسمبر کو سی ویو پر ظافر اپنے دوستوں کے ساتھ جارہا تھا کہ اُس کی کار ساتھ چلنے والی ہیوی بائیک سے ٹکرا گئی، بائیک سوار کو معمولی چوٹیں آئیں مگر پیچھے موجود دو گاڑیوں میں سوار لڑکوں نے ظافر کی کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔

فائرنگ سے ظافر موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا دوست زید زخمی ہوگیا تھا۔ 

مزید خبریں :