Time 15 دسمبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

پاکستانیوں نے2017 میں کن شخصیات کو گوگل پر سرچ کیا؟

2017 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی گئی پاکستانی شخصیات—

2017 کے اختتام میں چند دن باقی رہ گئے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی اسٹارز نے سوشل میڈیا سے لے کر ٹی وی چینلز  پر اپنے جلوے بکھیرے اور مختلف شعبوں میں کارکردگی دکھائی اور لوگ انہیں گوگل سرچ انجن پر تلاش کیے بغیر نا رہ سکے۔

رواں برس پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ کن شخصیات کو سرچ کیا گیا، آئیں ایک نظر ڈالتے ہیں۔

فبیہا شیرازی:

 فبیہا شیرازی—انسٹاگرام فوٹو

نجی چینل کے ایک گیم شو سے شہرت حاصل کرنے والی فبیہا شیرازی کو گوگل پر سال 2017 میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا جس کی وجہ سے وہ اس فہرست میں پہلے نمبر پر قرار پائیں۔

فبیہا شیرازی بطور ماڈل بھی پہچانی جاتی ہیں لیکن انہوں نے اتنی مقبولیت حاصل کرلی کہ اس سال پاکستان کی بڑی اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی منفرد انداز کی تصاویر شیئر کرکے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔

ندیم سرور:

ندیم سرور—انسٹاگرام فوٹو

نوحہ خواں ندیم سرور اس سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے شخصیات کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے جب کہ توقع کی جارہی تھی کہ شاید دوسرے نمبر پر کوئی شوبز یا کرکٹ اسٹار وغیرہ جیسی مقبول شخصیت ہوگی۔

فخر زمان:

فخر زمان—انسٹاگرام فوٹو

'پاکستان کا فخر' اور بہترین بلے باز فخر زمان نے اس فہرست میں تیسرے نمبر پر اپنی جگہ بنائی۔یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ پاکستان کے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے میں بلے باز فخر زمان کا کلیدی کردار تھا۔

فخر زمان کی منفرد اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل وہ پاک بحریہ میں بطور سیلر فرائض انجام دے رہے تھے۔ فخر زمان کو کم عمری میں ہی کرکٹ کا جنون کی حد تک شوق تھا، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بحریہ کو چھوڑ کر کرکٹ کو اپنا پیشہ بنا لیا۔

رشی کپور:

رشی کپور—انسٹاگرام فوٹو

بھارتی اداکار رشی کپور نے اس سال چیمپیئنز ٹرافی کے دوران پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے وہ خبروں میں اِن رہے اور اب سال کے اختتام پر انہوں نے مرنے سے پہلے پاکستان دیکھنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے انہیں گوگل پر زیادہ سرچ کیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ رشی کپور سوشل میڈیا تبصروں کی بھی زینت بنے رہے، یہی وجہ ہے کہ وہ اس سال پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

ردا اصفہانی:

ردا اصفہانی—انسٹاگرام فوٹو

اگرچہ اداکارہ ردا اصفہانی اب تک بہترین اداکاراؤں میں اپنا نام بنانے میں ناکام ہیں اور اگر ان کے ڈرامے دیکھے جائیں تو وہ بھی کچھ زیادہ مقبول نہیں ہو سکے لیکن رواں برس گوگل پر سب سے زیادہ سرچ ہونے والی شخصیات کی فہرست میں انہوں نے پانچویں نمبر پر اپنی جگہ بنائی ہے۔

فریال مخدوم :

فریال مخدوم—انسٹاگرام فوٹو

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم کے اختلافات رواں برس خبروں کی زینت بنے رہے، خوشی کی بات یہ ہے کہ سال کے اختتام تک دونوں کی تمام غلط فہمیاں دور ہوگئیں، لیکن چونکہ فریال مخدوم (اور عامر خان نے بھی) اپنے جذبات کا اظہار سوشل میڈیا کے ذریعے ہی کیا، یہی وجہ ہے کہ اس سال پاکستان میں وہ گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی گئیں اور اس فہرست میں انہوں نے چھٹے نمبر پر جگہ بنائی۔

جاوید آفریدی:

جاوید چوہدری—انسٹاگرام فوٹو

ہائیر کمپنی کے سی ای او اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی ٹیم کے مالک جاوید آفریدی اس سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں ساتویں نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ جاوید آفریدی کی ٹیم پشاور زلمی رواں برس پی ایس ایل سیزن ٹو کی فاتح قرار پائی تھی۔

احد رضا میر:

احد رضا میر—۔انسٹاگرام فوٹو

اس سال کے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’یقین کا سفر‘ نے خوب دھوم مچائی، جس میں لاکھوں دلوں کو جیتنے والے اداکار احد رضا میر نے اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔اس ڈرامے میں انہوں نے ایک ڈاکٹر اسفندیار کا کردار اتنی خوبی سے نبھایا کہ لڑکیوں کے ساتھ لڑکے بھی ان کے انداز کے مداح ہوگئے۔

احد کو بھی اس سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا اور وہ فہرست میں آٹھویں نمبر پر رہے۔

ہانیہ عامر:

ہانیہ عامر—انسٹاگرام فوٹو

اداکارہ ہانیہ عامر کے لیے 2017 بہترین ثابت ہوا ۔اگر ان کے اس سال کے پروجیکٹس کی بات کی جائے تو ان کی فلم ’نامعلوم افراد 2‘ کامیاب رہی اس کے علاوہ وہ مختلف اشتہارات میں بھی نظر آئیں۔

ہانیہ عامر نے رواں برس پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں نویں نمبر پر جگہ بنائی۔

مومنہ مستحسن:

مومنہ مستحسن—انسٹاگرام فوٹو

خوبرو گلوکارہ مومنہ مستحسن نے تو گانے 'آفریں آفریں' سے ہی مداحوں کے دلوں میں اپنا گھر کر لیا تھا۔اس سال مومنہ مستحسن بی بی سی کی جانب سے جاری کردہ دنیا کی 100 با اثر خواتین کی فہرست میں سے ایک قرار دی گئیں۔

اس کے علاوہ برطانوی میگزین کی جانب سے شائع کی گئی 50 پر کشش اور دل کش ترین خواتین فہرست میں بھی وہ 37 ویں نمبر پر با اثر فنکارہ قرار دی گئیں تاہم رواں برس گوگل پر سرچ کی گئی شخصیات کی اس فہرست میں انہوں نے 10 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔

مزید خبریں :