20 دسمبر ، 2017
رواں برس دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ میں بہتری آئی ہے اور پاکستان 56 فیصد اضافے کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔
دنیا کی بڑی انٹرنیٹ اسپیڈ تجزیہ کار کمپنی اسپیڈ ٹیسٹ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق 56 فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان کی اوسط انٹرنیٹ اسپیڈ 13 میگا بائٹس فی سیکنڈ ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ 42 فیصد اضافے کے ساتھ 8 میگا بائٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ برازیل میں موبائل اسپیڈ 28 فیصد، جاپان میں 23 فیصد اور امریکا میں 22 فیصد بڑھی ہے۔
دنیا میں موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ کے حساب سے بڑے ملکوں میں چین 32 میگا بائٹس فی سیکنڈ اور امریکا 26 میگا بائٹس فی سیکنڈ کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان میں موبائل پر انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے کنکشنز کی تعداد اب سوا چار کروڑ کے قریب ہے۔
رواں سال اسپیڈ میں اضافے کے اعتبار سے پاکستان نے امریکا، چین، بھارت اور روس سمیت بڑے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔