پاکستان
Time 20 دسمبر ، 2017

نوازشریف’’تحریک عدل‘‘ کی تاریخ دیں، ہم’’تحریک قصاص‘‘ شروع کرینگے، طاہر القادری


پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوئی تحریک نہیں چلا سکتے، ان کی تحریک صرف میڈیا کی تحریک ہے۔

طاہر القادری نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی ’’تحریک عدل‘‘ کی تاریخ دیں، ہم اسی دن ’’تحریک قصاص‘‘ شروع کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان نااہلی کیس کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ملک بھر میں اس کے خلاف تحریک چلائیں گے جس کے جواب میں پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اگر نواز شریف نے تحریک عدل شروع کی تو وہ آئین کے تحفظ کی تحریک شروع کرے گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف کس عدل کی بات کرتے ہیں؟ وہی عدل جو ماڈل ٹاؤن میں کیا تھا؟ انھیں عدل کا نام لیتے ہوئے شرم نہیں آتی-

طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال سے یتیم اور بیوائیں عدل کے لیے دھکے کھارہی ہیں، (ن) لیگ کا تخت ڈول رہا ہے، یہ لوگ بہت جلد جیل میں ہوں گے-

خیال رہے کہ طاہر القادری نے شہبازشریف سمیت پوری پنجاب کابینہ سے 31 دسمبر تک مستعفی ہونے کا مطالبہ کررکھا ہے اور کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں غیرضروری تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف طاہر القادری کے اس مطالبے کی مکمل حمایت کرچکی ہے جبکہ پاکستان عوامی تحریک دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوشش کررہی ہے۔

مزید خبریں :