پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2017

انصاف کے دو ترازو نہیں چلیں گے، سابق وزیراعظم نواز شریف


لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ سے جو فیصلہ آیا وہ خود اپنے منہ سے بول رہاہے۔

لندن سے لاہور کے لیے روانہ ہوتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ’’وزیر اعظم کو اقامے پر نکال دیا جاتا ہے اور جو شخص اعتراف کرتا ہے اسے چھوڑ دیا جاتا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے لیے انصاف کے تقاضے کچھ اور ان کے لیے کچھ، ایسا اب نہیں چلے گا، اس کے خلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے، انصاف کے دوترازونہیں چلیں گے‘‘۔

نواز شریف نے کہا کہ ’’مجھے کہا گیا کہ میں نے تنخواہ نہیں لی،لاکھوں پاؤنڈز کے کاروبار کو یہ اثاثہ نہیں کہہ رہے لیکن میری خیالی تنخواہ کو انھوں نے اثاثہ مان لیا‘‘۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے مقدموں میں بھی مجھے ہی نااہل کیا جائے گا، 28جولائی کے بعد ہماری کہی ایک ایک بات سچ ثابت ہو رہی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ’’قانون اور آئین کی حکمرانی کے لیے جو کرنا پڑا کروں گا، میری جدوجہد پاکستان میں قانون اور آئین کی حکمرانی کی ہے، اس طرح کا انصاف پاکستان میں نہیں چلےگا،اس کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے‘‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اہل جب کہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ 

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 250 صفحات پر مشتمل فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ تمام شواہد کا جائزہ لیا گیا، عمران خان نیازی سروسز لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر یا ڈائریکٹر نہیں تھے اور انہوں نے جمائما کے دیے گئے پیسے بھی ظاہر کیے۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان نے فلیٹ ایمنسٹی اسکیم میں ظاہر کر دیا تھا۔

عدالت نے جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔

اس کے بعد ایک تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ عدلیہ پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی پلان کا حصہ بنیں گے۔

مریم نواز کے ٹوئیٹس

قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ایک پیغام جاری کیا۔

اپنے پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ ’’مائی لارڈ ، کیا آپ کا بابا واٹس ایپ کالز بھی کیا کرتا تھا ؟ انصاف خود بولتا ہے ، اسے کسی تشریح ، تفسیر ، تقریر یا اضافی نوٹ کی ضرورت نہیں ہوتی‘‘۔





مریم نواز نے مزید لکھا کہ ’’عمران خان نے خود بار ہا اعتراف جرم کیا، موقف تبدیل کیا- کبھی کہا ٹھیک سے یاد نہیں کبھی کہا اکاؤنٹنٹ کی غلطی، مگر جج بضد تھے کہ نہیں آپ سچے ہیں !‘‘۔

خیال رہے کہ نوازشریف گزشتہ کئی روز سے لندن میں مقیم  ہیں جہاں ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا علاج جاری ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں نوازشریف کو حاضری سے ایک ہفتے کے لیے استثنیٰ بھی دیا تھا جس کے بعد وہ لندن روانہ ہوگئے تھے۔

جیونیوز کے مطابق میاں نوازشریف کل صبح لاہور پہنچ جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف کے ساتھ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی پاکستان آئیں گے۔

واضح رہےکہ شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔

مزید خبریں :