انوشکا اور ویرات میں صلح کرانے والے سلمان نے استقبالیے میں شرکت کیوں نہ کی؟

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار سلمان خان بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے ممبئی میں ہونے والے استقبالیے میں دعوت کے باوجود شریک نہ ہوئے۔

2016 میں فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے درمیان شادی کے حوالے سے تنازع ہوگیا تھا اور نوبت دونوں کی علیحدگی تک پہنچ گئی تھی لیکن ایسے میں سلمان خان نے دونوں میں صلح کرائی تھی۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے اٹلی میں ہونے والی شادی کی تقریب میں عامر خان، شاہ رخ خان سمیت کئی بالی وڈ شخصیات کو مدعو کیا تھا لیکن دونوں نے صلح کرانے والے سلو میاں کو شادی میں بلایا ہی نہیں تھا۔

نوبیاہتا جوڑے نے اٹلی میں شادی کے بعد 21 دسمبر کو نئی دہلی اور 26 دسمبر کو ممبئی میں استقبالیہ دیا جس کی دعوت سلمان خان کو بھی دی۔

سلمان کے قریبی دوست کترینہ کیف اور علی عباس ظفر انوشکا اور ویرات کوہلی کے ممبئی کے سینٹ ریگس ہوٹل میں ہونے والے استقبالیہ میں شریک ہوئے لیکن سلو میاں دونوں میں سے کسی بھی استقبالیے میں شریک نہیں ہوئے۔

دراصل دبنگ خان کے شادی کے استقبالیے میں شرکت نہ کرنے کی وجہ کوئی تنازع نہیں بلکہ ان کی اپنی سالگرہ کی تقریب تھی۔

سلمان خان نے اپنی سالگرہ کی تقریب ممبئی سے دور ایک پُر فضا مقام پر واقع اپنے ’’پان ویل فارم ہاؤس‘‘ میں رکھی تھی جس میں شرکت کے لیے وہ 26 دسمبر کو صبح ہی قریبی دوست لولیا وینتر کے ہمراہ روانہ ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ شادی کے استقبالیے میں بھی نہ آسکے۔

سلمان خان کا پان ویل فارم ہاؤس 150 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے جس میں گھڑ سواری، تیراکی اور دیگر سہولتیں موجود ہیں اور سلو میاں زیادہ تر چھٹیاں وہیں گزارتے ہیں۔

مزید خبریں :