09 جنوری ، 2018
فلموں کی کروڑوں کی ’ریس‘ میں سلمان خان اول آئے گا یا پھر عامر خان ’ٹھگز آف ہندوستان‘سے سب کچھ لوٹ کر لے جائے گا۔ شاہ رخ خان بطور’زیرو‘ کچھ کمال دکھائے گا یا اس بار بھی تامل فلموں کا ’روبوٹ‘ سب کو پیچھے چھوڑ کر آگے نکل جائے گا۔
اس سال پچھلے سال کی رکی ہوئی تین بڑی فلمیں ریلیز ہونگی۔ پہلی دپیکا، رنویر سنگھ اور شاہد کپور کی ’پدماوت‘ جب کہ دوسری رجنی کانت اور اکشے کمار کی ’2.0‘ اور تیسری سنجے دت کی زندگی پر بننے والی رنبیر کپور اور راج کمار ہیرانی کی فلم ’سنجو‘۔
تینوں بہت مہنگی فلمیں ہیں ’پدماوت‘ اب تک ہندی زبان میں بننے والی سب سے مہنگی فلم ہے اس پر دو سوکروڑ روپے کی لاگت آچکی ہے۔ دوسری طرف ’2.0‘ بالی وڈ کی فلموں سے بھی مہنگی ہے اور اس فلم پر 450 کروڑ کی لاگت آچکی ہے۔
’سنجو ‘کا بجٹ بھی سو کروڑ کے آس پاس ہوچکا ہے اور ’پدومات‘ کے پچھلے سال ریلیز نہ ہونے کی وجہ تنازعات تھے لیکن ’2.0‘ اور ’سنجو‘ کی ریلیز فلم کی پروڈکشن اور ری شوٹنگ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی۔
اس سال بھی عید، دیوالی اور کرسمس کی ریلیز ڈیٹ پر پہلے ہی خان ہیروز کا کنٹرول ہوچکا ہے لیکن خان ہیروز کو سب سے بڑا خطرہ کسی چوتھے خان سے نہیں بلکہ تامل فلموں کے میگا اسٹار رجنی کانت سے ہے۔
پچھلے 30 سالوں سے خان ہیروز بالی وڈ کے حکمران ہیں اس دوران کچھ ہی ایسے سال گزرے ہیں جب کسی خان ہیرو کی فلم سال کی سب سے کامیاب ترین فلم قرار نہیں پائی۔
پچھلا سال ’باہو بلی 2‘ کے نام رہا اور ایسا 11 برس بعد ہوا جب کسی خان ہیروز کی فلم کے بجائے کسی اور ہیرو کی فلم نے سال میں سب سے زیادہ بزنس کیا۔
2000 اور 2001 دو مسلسل ایسے سال تھے جب خان ہیروز کی بجائے ہریتھک روشن کی ’کہونا پیار ہے‘ اور سنی دیول کی ’غدر‘ نے سارے ریکارڈ توڑے لیکن اب اس سال کیا ہوگا اس کیلئے 12 مہینے انتظار کرنا ہوگا۔
اس سال برسوں سے ناکامیوں کے بھنور میں پھنسے سیف علی خان کی ایک اور فلم ریلیز ہوگی۔ سیف علی خان ’ریس‘ کی ٹیم سے تو آؤٹ ہوچکے لیکن ’قلاقندی‘ نام کی فلم سے انھیں کافی امیدیں ہیں۔
سیف علی خان ریس ٹو کے بعد پچھلے پانچ سالوں میں ’ہمشکل‘، ’بلٹ راجہ‘، ’رنگون‘، ’گو گوا گون‘ اور ’شیف‘ سمیت مسلسل سات فلاپ فلمیں دے چکے ہیں۔
26 جنوری کو سال کا سب پہلا اور بڑا مقابلہ اکشے کمار اور دپیکا کی فلموں کے درمیان ہوگا۔ دپیکا کی فلم ’پدماوت‘ اور ’پیڈ مین‘ کے بزنس کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محبت کے مہینے میں انوشکا شرما کی ویرات کوہلی سے شادی کے بعد پہلی فلم ’پری‘ ریلیز ہوگی۔ ویرات کوہلی تو شادی کے بعد اپنے کرکٹ کے پہلے امتحان میں بری طرح ناکام ہوئے اب دیکھتے ہیں کہ انوشکا کی قسمت باکس آفس پر کتنی چمکے گی۔
انوشکا اپنی اس فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں اور پری ان کی تیسری فلم ہے جب کہ اسی مہینے ’تھری ایڈیٹس‘ والے شرمان جوشی کی ’تھری اسٹوریز‘ بھی ریلیز ہوگی جس میں غالبا ’دس کہانیاں‘ کی طرح تین چھوٹی فلموں یا کہانیوں کو ایک فلم میں بُنا گیا ہے۔
چار سال پہلے فلم ’مردانی‘ میں کراری پرفارمنس دینے والی رانی مکھرجی اس سال ’ہچکی‘ کے چیلنجنگ رول میں نظر آئیں گی اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ شاہ رخ کی بونے والی فلم ’زیرو‘ میں بھی مہمان کردار ادا کریں گی۔
دس سال پہلے پریانکا، ابھیشیک بچن، جان ابراہم اور بوبی دیول کے ساتھ سپر ہٹ فلم ’دوستانہ‘ بنانے والے ہدایت کار تارون مسکانی کی فلم ’ڈرائیو‘ بھی اسی سال ریلیز ہوگی۔ اس فلم میں سشانت سنگھ راجپوت اور جیکولین کا جوڑا اور خوب سارا ایکشن ہوگا۔
پتا نہیں تارون نے اتنی بڑی کامیاب فلم دینے کے بعد دس سال تک کس بات کا انتطار کیا، انتظار تو ’ہیٹ اسٹوریز‘ کے چاہنے والوں کا بھی اس سال ختم ہوگا کیونکہ ’ہیٹ اسٹوری فور‘ میں اس بار ’اروشی روتیلا‘ جلوے دکھائیں گی۔
اس سال جیکی دادا کے ٹیلنٹڈ بیٹے ’ٹائیگر‘ کا بھی بڑا امتحان ہوگا کیوں کہ ’ہیرو پنتی ‘اور ’باغی‘ جیسی دو بڑی سپر ہٹ فلموں کے بعد ٹائیگر کی ’فلائنگ جٹ‘ اور ’منا مائیکل‘باکس آفس پر ناکام ہوئیں۔ اب اس سال ٹائیگر کی فُل ایکشن فلم ’باغی 2‘ ریلیز ہوگی۔ٹائیگر کا تو امتحان کڑا ہوگا لیکن ورون دھون کے ستارے ہر سال چمکتے ہیں۔
پچھلے سات سالوں میں مسلسل 9 کامیاب فلمیں دینے والے واحد ہیرو ورون دھون کی اس سال فلم ’اکتوبر‘ ریلیز ہوگی لیکن ’اپریل‘ کے مہینے میں جب کہ پچھلے سال ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ اور ’جڑواں 2‘ سے 100، سو کروڑ کے دو چھکے لگانے والے ورون کی یہ فلم بالکل ہَٹ کر ہوگی۔
اسی اپریل اور مئی کے درمیان کنگنا کی بطور ’جھانسی کی رانی‘ کی فلم بھی ریلیز ہوگی اور بالی وڈ کی سب سے مہنگی فلم ’2.0‘ بھی اسی دوران باکس آفس پر انٹری دے گی۔
فلم ’2.0‘ آٹھ سال پہلے ریلیز ہونے والی فلم کا سیکوئل ہے جس میں رجنی کانت کے دو پارٹ تھے لیکن اس بار اس فلم میں اکشے کمار کی بھی انٹری ہوئی ہے۔
روبوٹ ریلیز کے ساتھ ہی بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم بن جائے گی لیکن اس فلم کو اپنے دیس میں سب سے زیادہ کامیاب ہونے کیلئے ’باہو بلی‘ کا ایک ہزار کروڑ اور دنیا بھر میں کامیاب ہونے کیلئے ’دنگل‘ کا 2 ہزار کروڑ کا ریکارڈ توڑنا ہوگا۔
کرینا کپور بھی چھوٹے نواب تیمور علی خان کی ممی بننے کے بعد پہلی بار سلور اسکرین پر فلم ’ویر دی ویڈنگ‘میں نظر آئیں گی اور اس فلم میں ان کے ساتھ سونم کپور اور سویرا بھاسکر بھی کامیڈی پر ’ٹرائی‘ کریں گی۔
مئی کے بعد جون میں چھٹیاں ہونگی اور عید بھی ہوگی اس موقع پر باکس آفس پر ایشواریہ رائے کی ’فینی خان‘ اور سلمان خان کی ’ریس 3‘ کا بڑا ٹاکرا ہوگا۔
سلمان خان کے ساتھ بوبی دیول، جیکولین، ثاقب سلیم اور ڈیزی شاہ بھی ہونگی تو ایشوریا کا ساتھ انیل کپور اور راجکمار راؤ دیں گے۔
اسی مہینے کے آخر میں ’منا بھائی‘ سیریز، ’تھری ایڈیٹس‘ اور ’پی کے‘ بنانے والے راج کمار ہیرانی کی فلم ’سنجو‘ بھی ریلیز ہونے کا امکان ہے جب کہ جولائی میں سری دیوی اور بونی کپور کی بیٹی اور ارجن کپور کی بہن جھانوی کپور کی فلم بھی ریلیز ہوگی جس میں ہیرو کوئی اور نہیں شاہد کپور کے چھوٹے بھائی ہیں۔
اگست کے مہینے میں اکشے کمار کی فلم ’گولڈ‘ ریلیز ہوگی اور ستمبر کے مہینے میں ورون دھون اور انوشکا شرما کی چھوٹے بجٹ کی بڑی فلم ’سوئی دھاگا‘ اسکرین کی زینت بنے گی۔
اکتوبر میں دپیکا اور عرفان خان کی فلم متوقع ہے لیکن اس مہینے سب انتظار میں لگ جائیں گے دیوالی پر ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے۔
اس فلم میں عامر خان اور امیتابھ بچن پہلی بار ایک ساتھ نظر آئیں گے اور ان کے علاوہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی ہوں گی۔
فلم کے ڈائریکٹر کوئی اور نہیں ’دھوم تھری‘ جیسی کامیاب اور ’ٹشن‘ جیسی ناکام فلموں والے وجے کرشن اچاریہ ہیں اور فلم کسی اور بینر کی نہیں بلکہ یش راج فلمز بینر کی ہے۔
دسمبر کے مہینے میں ’نمستے لندن‘ کے سیکوئل ’نمستے کینیڈا‘ اور دھمال سیریز کی ’ٹوٹل دھمال‘ بھی ریلیز ہوگی۔ نمستے کینیڈا میں ارجن کپور نے اکشے کمار کی جگہ لی ہے تو دوسری طرف دھمال میں اس بار سنجے دت کی جگہ اجے دیوگن نظر آئیں گے۔
سال کے آخری دس دنوں میں شاہ رخ کی ’زیرو‘ کرسمس ویک پر ریلیز ہوگی اور اس فلم میں شاہ رخ کے ساتھ کترینہ کیف اور انوشکا شرما مرکزی کرداروں میں اور کاجول اور رانی مکھرجی سمیت کئی حسینائیں مہمان اداکارہ کے طور پر جھلک دکھائیں گی۔
دسمبرکے مہینے میں ہی سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان اپنے کیریر کا آغاز فلم ’کیدار ناتھ‘ سے کریں گی جس کے ہیرو سشانت سنگھ راجپوت ہیں۔
سال کے آخر میں کامیڈی کا طوفان فلم ’سمبھا‘ کی شکل میں آئے گا جس میں اس بار روہت شیٹھی کی ڈائرکشن میں رنویر سنگھ ٹشن دکھائیں گےاور یہ وہی رنویر سنگھ ہیں جو سال کے شروع کے مہینے میں فلم ’پدماوت‘ کے ذریعے اپنے ایوارڈز اگلے سال کے لیے پکے کرچکے ہوں گے۔
یہاں اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں: