اسنیپ چیٹ کا نیا ڈیزائن صارفین کو متاثر کرنے میں ناکام

اسنیپ چیٹ کا نیا ڈیزائن صارفین کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا—

حال ہی میں اسنیپ چیٹ کا نیا ڈیزائن متعارف کیا گیا، جسے صارفین نے مسترد کرتے ہوئے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار ٹوئٹر پر کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں اسنیپ چیٹ نے ایپ کا نیا ڈیزائن اَپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کیا تھا جسے کل بروز جمعرات (11 جنوری کو) کینیڈا، لندن اور امریکا کے صارفین کے لیے متعارف کیا گیا۔

نئے ڈیزائن میں سب سے بڑی تبدیلی یہ کی گئی کہ اسٹوری پیج کو ختم کرکے مزید ایلگوریتھمز شامل کردیئے گئے اور اب صارفین اپنی اسنیپ چیٹ اسٹوریز کھولتے ہی بائیں جانب دیکھ سکتے ہیں۔

اسنیپ چیٹ میں یہ تبدیلی خاص طور پر سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کرنے والے صارفین اور مشہور شخصیات کے لیے کی گئی ہے تاکہ ان کے فولوورز میں اضافہ ہو۔

تاہم اسنیپ چیٹ صارفین ان تبدیلیوں سے نا خوش نظر آئے اور متعدد لوگوں نے اس کا پرانا ڈیزائن واپس لانے کا مطالبہ کردیا۔

صارفین کا کہنا ہے کہ نئے ڈیزائن میں لوگوں کی اسٹوریز تلاش کرنا مشکل ہے اور اس کی کوئی منطق سمجھ نہیں آرہی ہے۔

کینیڈا کے کچھ طالب علموں کا کہنا تھا کہ  نئی تبدیلیوں کے بعد  اب کچھ سمجھ نہیں آرہا اور نہ ہی اس کا ڈیزائن متاثر کر رہا ہے، لہذا اسے دوبارہ تبدیل ہونے کی ضرورت ہے۔

فین بائٹس کے سی ای او ٹموتھی آر مو کا صارفین کے رد عمل پر کہنا تھا کہ ’ایسا لگتا ہے جیسے اسنیپ چیٹ اپنے صارفین سے پیسہ کماتا ہے اور اگر وہ اسے اچھی طرح سے نہیں چلاتے تو وہ ایسے لوگوں کو نکالنے جارہا ہے‘۔

فی الحال اسنیپ چیٹ کا نیا ڈیزائن دنیا بھر کے صارفین کے لیے اَپ ڈیٹ نہیں ہوا، اس کا اطلاق صرف کینیڈا، لندن اور امریکا میں کیا گیا ہے، تاہم ممکنہ طور پر جلد ہی تمام صارفین کے لیے اسے اَپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔

مزید خبریں :