19 جولائی ، 2012
لاہور… سابق رستم پاکستان بشیر بھولا بھالا نے تحسین پہلوان کو چت کرکے قومی ہیروبینیفٹ دنگل جیت لیا ہے ۔ دنگل بدنظمی کاشکار رہا،لاہورکے اقبال پارک ریسلنگ اسٹیڈیم میں کشتی کے10چھوٹے بڑے جوڑ پڑے جنہیں دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداداسٹیڈیم کے باہرموجود تھی ۔ شائقین ٹکٹ خریدنے کے بجائے گیٹ پھلانگ اسٹیڈیم میں داخل ہو ئے تو پولیس کو ہلکا لاٹھی چارج کرناپڑا۔دیگر مقابلوں میں حافظ بلال نے مصطفی پہلوان اور مالو پہلوان نے پپو شاہدریا کو پچھاڑدیا۔ٹائٹل دنگل میں توقع کے مطابق بشیر بھولا بھالا نے تحسین پہلوان کو چھ منٹ میں چت کردیا۔ بشیربھولابھالا کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ بھنگڑے ڈالے اور کامیابی کا جشن منایا۔اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کو شایدپہلے سے علم تھا کہ بھولابھالا میدان مارے گا، دیسی کشتیوں کے ان شائقین نے ٹائٹل مقابلے کو نوراکشتی قراردیا۔ ادھربھولابھالا کے مداحوں کا کہناتھاکہ تحسین پہلوان کا بھولابھالا کوئی جوڑ نہیں تھا۔دنگل میں شریک پہلوانوں کا کہناتھاکہ ا ن کی بہبود کے نام دنگل کرانے والے منتظمین کوچاہیے کہ اسپانسرشپ کی رقم اپنی جیب میں ڈالنے کے بجائے پہلوانوں کیلئے پرکشش معاوضے کا اعلان کریں۔