23 جنوری ، 2018
کراچی: نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ آج تحقیقاتی کمیٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔
13 جنوری کو شاہ لطیف ٹاؤن میں مشکوک پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نقیب اللہ کے والدین کو تحقیقاتی کمیٹی نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا اور وہ گزشتہ روز کراچی پہنچے ہیں۔
جیونیوز کے مطابق نقیب اللہ کے اہل خانہ آج تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے جس میں نقیب کے ماضی کے ریکارڈ سے بھی پولیس کو آگاہ کریں گے جب کہ کچھ دستاویزات بھی فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ میں محسود قبائل کا جرگہ منعقد ہوا جس نے حکومت کو تین دن کا الٹی میٹم دیا ہے۔
جرگے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اگر تین روز میں انصاف نا ملا تو محسود قبیلے کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔