Time 26 جنوری ، 2018
پاکستان

انتظار قتل کیس: ایس ایس پی مقدس حیدر نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا

مقتول انتظار حسین کی فائل فوٹو—۔

کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل (اے سی ایل سی) کے سابق ایس ایس پی مقدس حیدر اور انتظار قتل کیس کی واحد عینی شاہد مدیحہ کیانی تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہوئے اور بیان ریکارڈ کرادیا۔ 

سی ٹی ڈی سول لائنز میں ایس ایس پی سی ٹی ڈی انٹیلی جنس پرویز چانڈیو کی سربراہی میں انتظار قتل کیس کی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔

مقتول کے والد اشتیاق احمد بھی اپنے وکیل کے ہمراہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔

واپسی کے وقت مقتول کے والد نے میڈیا کو جے آئی ٹی اجلاس کے حوالے سے معلومات دینے سے گریز کیا، وہ میڈیا سے بات کرنے کے لیے گاڑی سے اترے تو وکیل نے انہیں میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا۔

یاد رہے کہ 13 جنوری کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان انتظار جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

پولیس نے انتظار احمد کی ہلاکت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے حقائق جاننے کے لیے جے آئی ٹی بنائی جس کا پہلا اجلاس آج ہوا۔

جے آئی ٹی میں پولیس، رینجرز ،سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔

دوسری جانب واقعے کی مکمل سی سی ٹی وی ویڈیو ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے دفتر میں مقتول کے والد کو دکھا دی گئی۔

فائرنگ کا آغاز اہلکار بلال نے کیا: پولیس

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ وڈیو 10 منٹ کی ہےجس میں انتظار کو پہلے روکا، پھر جانے کا اشارہ کیا گیا، انتظار نے گاڑی ریورس کرکے نکالنا چاہی تو ایک بار پھر رکنے کا اشارہ کیا گیا، اسی دوران اچانک فائرنگ شروع کردی گئی جب کہ انتظار کی گاڑی پر فائرنگ کا آغاز کرنے والا پولیس اہلکار بلال ہے۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ کے 20 سیکنڈز بعد پولیس اہلکار فرار ہو جاتے ہیں،گاڑی رکنے کے بعد مدیحہ کیانی گاڑی سے چیختی ہوئی اترتی ہے اور رکشے میں بیٹھ کر چلی جاتی ہے،گاڑی روکنے سے لے کر فائرنگ تک کا دورانیہ ڈیڑھ منٹ ہے۔

بلال اور دانیال کا بیان ریکارڈ

تحقیقاتی حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں بلال اور دانیال کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے، دانیال کے پستول سے 12 اور بلال کے پستول سے 6 فائر ہوئے۔

بلال کے بیان کے مطابق جب گاڑی جانے لگی تو دوبارہ روکنے کی آواز آئی، انتظار نے گاڑی آگے بڑھائی تو اس سے لگا وہ فرار ہورہا ہےجس پر اس نے فائرنگ کردی۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق انتظار کو لگنے والی گولی بلال کے پستول سے چلائی گئی۔

مزید خبریں :