دنیا
Time 31 جنوری ، 2018

امریکی امداد صرف امریکا کے دوستوں کو ملے گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنا پہلا اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کرتے ہوئے—۔فوٹو/ رائٹرز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ امریکی ٹیکس دینے والوں کا پیسہ امریکا کے دوستوں کو امداد کی مد میں دیا جائے گا۔

اپنے پہلے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 'افغانستان میں امریکی فوج نئے ضوابط کے ساتھ لڑرہی ہے، مصنوعی ڈیڈ لائنز بتاکر افغانستان میں دشمنوں کو چوکنا نہیں کریں گے'۔ 

ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ کانگریس یقینی بنائے کہ داعش اور القاعدہ کے خلاف جنگ میں ہم دہشت گردوں کو گرفتار کرسکیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے گرفتار کیے جانے والے دہشت گردوں سے دہشت گردوں والا سلوک کیا جانا چاہیئے۔

اس موقع پر امریکی صدر نے بدنام زمانہ گوانتانامو کا جیل خانہ کھلا رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

'امریکی امداد صرف دوستوں کو ملے گی'

اپنے خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا لیکن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکا کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف ووٹ دینے والوں کو امریکی امداد بھیجی گئی۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ'وعدہ کرتے ہیں کہ امریکی ٹیکس دینے والوں کا پیسہ امریکا کے دوستوں کو امداد کی مد میں دیا جائے گا، دشمنوں کو نہیں ملے گا'۔

'داعش کو شکست دینے تک مزید اقدامات باقی ہیں'

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال انہوں نے شدت پسند تنظیم داعش کے خاتمے کا عزم کیا تھا، لیکن داعش کو شکست دینے تک مزید اقدامات باقی ہیں۔

 امریکی صدر نے کہا کہ فخر ہےکہ داعش کے خلاف اتحاد نے عراق اور شام میں 100 فیصد حصہ آزاد کرالیا۔

'شمالی کوریا کی جوہری ہتھیاروں تک رسائی امریکا کیلئے خطرہ'

اپنے خطاب کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ شمالی کوریا کے معاملے پر سابقہ انتظامیہ کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کی جوہری ہتھیاروں تک رسائی کو امریکا کے لیےخطرہ قرار دے ڈالا۔

ساتھ ہی انہوں نے روس اور چین کو امریکی مفادات کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے  اس بات پر زور دیا کہ امریکا کو اپنے جوہری ہتھیاروں کو اتنا جدید اور طاقتور بنانا ہوگا کہ کسی بھی ملک کی جارحیت کو روک سکے۔

'کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ایرانی عوام کا ساتھ دیا'

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ایران کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ جب ایرانی عوام کرپٹ حکمرانوں کےخلاف کھڑےہوئے تو انہوں نے ان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کانگریس پر بھی زور دیا کہ ایران جوہری معاہدے میں خامیاں دور کی جائیں۔

امیگریشن قوانین کو درست کرنے پر زور

امریکی صدر نے اعلان کیا کہ نئی قانون سازی کے ذریعے امیگریشن قوانین کو درست کیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کانگریس کو چاہیے کہ امیگریشن نظام میں وہ خامیاں دور کریں جن سےکرمنل گینگ ملک میں آتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 'گینگز نے ملکی قوانین کے کمزور پہلوؤں کا فائدہ اٹھایا'۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فی الوقت ایک امیگرینٹ لامتناہی تعداد میں فیملی امریکا لاسکتا ہے لیکن صرف شوہر بیوی اور کم عمر بچوں کو ہی آنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

کھلی سرحدیں اور منشیات فروشوں کی آمد

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کھلی سرحدوں کے سبب ہمارے کم آمدنی والے طبقےکو نقصان ہوا، کھلی سرحدوں کا مطلب ملک میں منشیات اور گینگز کی آمد ہے۔

انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف قوانین مزید سخت کیے جانے پر بھی زور دیا۔

محنت پر یقین رکھنے کا درس

اپنے خطاب کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ اراکین کانگریس سیاست ایک طرف رکھیں اور کام مکمل کریں۔

ساتھ ہی انہوں نے شہریوں کو پیغام دیا کہ محنت کریں، امریکا پر یقین رکھیں، ہر چیز حاصل کی جاسکتی ہے۔

امریکی ہیروز کو خراج تحسین

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا خطاب شروع کرنے سے پہلے امریکی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔

امریکی صدر نے عام امریکیوں کی تعریف کی اور ویلڈرز، امدادی کارکنوں اور فائربریگیڈ کے عملے کی کوششوں کو سراہا۔

اسٹاک مارکیٹس میں مندی

ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب سے پہلے اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھی گئی اور ڈالر کی قیمت گر گئی۔

مزید خبریں :