31 جنوری ، 2018
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 2014 دھرنے کے دوران ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو 15 فروری جبکہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں 26 فروری کے لیے طلبی کے سمن جاری کردیئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پی ٹی آئی چیئرمین کی طلبی کے سمن جاری کیے۔
پولیس نے گزشتہ روز ملزم عمران خان کے خلاف مقدمات میں عبوری چالان داخل کیا تھا۔
واضح رہے کہ 2014 میں اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے کے وقت پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف چار مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی وی حملہ، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت جونیجو تشدد کیس شامل ہے۔
عمران خان کی ان چاروں مقدمات میں ضمانت پہلے ہی منظور ہوچکی ہے جبکہ اسد عمر، شفقت محمود اور شیریں مزاری بھی عبوری ضمانت پر ہیں۔
دوسری جانب مذکورہ چاروں مقدمات میں آج ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 8 فروری تک شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت بھی منظور کرلی گئی۔